پنجاب میں انتخابات،پولیس حکام کی مطلوبہ سکیورٹی دینے سے معذرت

پنجاب میں انتخابات،پولیس حکام کی مطلوبہ سکیورٹی دینے سے معذرت
کیپشن: Elections in Punjab, police officials apologize for providing required security

ایک نیوز:پنجاب میں عام انتخابات کیلئے   الیکشن کمیشن کے فارمولے کے تحت سکیورٹی فراہم نہیں کرسکیں گے۔عدالتی احکامات پر پنجاب پولیس نے انتخابات کیلئے سیکیورٹی کی ورکنگ مکمل کرلی۔

 سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے الیکشن التواء کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو عام انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی احکامات پر پنجاب پولیس نے انتخابات کیلئے سیکیورٹی کی ورکنگ مکمل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے 53 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز میں 30 فیصد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دئیے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 11 اور کم حساس پر 8 جوانوں کی ڈیمانڈ کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فارمولے کے تحت 4 لاکھ کے قریب نفری بنتی ہے، اس فارمولے کے تحت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکیں گے۔

پنجاب پولیس نے مزید کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک لاکھ کے قریب سیکیورٹی اہلکار فراہم کرسکتے ہیں، 35 ہزار سے زائد جوان لاہور پولیس میں الیکشن کیلئے ڈیوٹیاں دیں گے، 50 ہزار ملازمین ریلیوں، جلسے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات کئے جائیں گے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر 7 ہزار اہلکار حساس تنصیبات پر تعینات ہوں گے، 10 اپریل تک پولیس موجودہ وسائل میں سیکیورٹی پلان فراہم کردے گی۔