بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا نواز شریف بن جاتا ہے،عمران خان 

Apr 08, 2023 | 21:10 PM

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا نواز شریف بن جاتا ہے۔

زمان پارک میں افطار پر آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان  کاکہنا ہے کہ ہم حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کے لیے ساری قوم تیار رہے کیوں کہ چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر یہ سمجھ کر مسلط کیا ہے کہ ہم غلام ہیں مگر کلمے کی طاقت انسان کو خوف سے آزادی دیتی ہے۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ میں اسلام کا سکالر نہیں ہوں اپنی زندگی سے سب سیکھا، انسان کو اندر کی آزادی لا الہ الا اللہ دیتا ہے اور معاشرے کی آزادی انصاف دیتا ہے، جوانقلاب اللہ کے نبی ﷺ لے کر آئے ویسا انقلاب دنیا میں کہیں نہیں آیا۔

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا تھا کہ جنگ بدر میں313سپاہی تھے۔11سال بعد خالد بن ولید کی لیڈر شپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دیئے، عربوں کو اللہ کے نبی ﷺ نے آزادی دی، آزاد لوگ آزادی کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی کی جنگ ہے جس کے لیے ساری قوم کو تیار ہونا ہے، چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپرغلام سمجھ کر بٹھا دیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ علی امین کو گرفتار کر لیا یہ بتانے کے لیے کہ ہم غلام ہیں، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے ڈر کی وجہ سے امام حسینؑ کی مدد نہ کی، بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا نواز شریف بن جاتا ہے۔

مزیدخبریں