چیف جسٹس نے آئین کی پاسداری کی وہ کیوں استعفیٰ دیں؟پرویز الٰہی

چیف جسٹس نے آئین کی پاسداری کی وہ کیوں استعفیٰ دیں؟پرویز الٰہی
کیپشن: The Chief Justice respected the constitution, why did he resign? Parvez Elahi

ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الًہی کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس نے آئین کی پاسداری کی وہ کیوں استعفیٰ دیں؟ استعفیٰ شہبازشریف دیں جو آئین کو پامال کر رہے ہیں ۔

صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، میاں منیر، خالد وسیم، رائے منصب علی خان، رفاقت گیلانی، راؤ عبدالرحمن، ذوالفقار گھمن، فخر ندیم، سردار ہاشم، ملک فیصل منیر، چودھری شاہد پرویز، عظمت خان نیازی، ریا ض خان نیازی و دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔

 چودھری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ چیف جسٹس سے استعفیٰ مانگنے سے پہلے حکومت اپنے گریبان میں جھانکے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے خود عدالتی مفرور ہیں۔نواز شریف کس منہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ ایک بار پھر 90 والی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں۔ہمارے ادارے اتنے کمزور نہیں کہ ایک صوبائی الیکشن میں سکیورٹی نہ دے سکیں۔پاکستانی فوج نے آج سے زیادہ مشکل حالات میں بھی الیکشن میں سکیورٹی دی ہے۔ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جو ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔افواج پاکستان نے ہر محاذ پر ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اداروں کی رپورٹ دیکھ کر ہی الیکشن کرانے کا فیصلہ دیا ہے۔شہبازشریف الیکشن سے بچنے کیلئے اداروں کا امیج تباہ کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی اور عمران خان کی شہرت سے خوفزدہ ن لیگ الیکشن میں اپنے امیدوار ہی پورے کر لے تو بڑی بات ہو گی۔پی ڈی ایم حکومت نے اپنی غیر آئینی روش نہ بدلی تو عوام اس کے خلاف راست اقدام کریں گے۔

صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ پنجاب کی کٹھ پتلی نگران حکومت کے غیر قانونی احکامات پر عملدرآمد کرنے والے افسر نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہیں۔ظل شاہ کے قاتل رانا ثناء اللہ اور محسن نقوی کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔