علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

Apr 08, 2023 | 15:47 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ڈی آئی خان کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی امین گنڈا پور کی پنجاب اور اسلام آباد پولیس حوالگی کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ مقامی عدالت میں علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے  جوڈیشل مجسٹریٹ نےعلی امین کا راہداری ریمانڈ منظورکیا جس کے بعد پولیس پی ٹی آئی رہنما کو لے کراسلام آباد روانہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف  کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتارکرکے پولیس نے قیدی وین میں ڈال کر لے گئی ہے۔

اس سے قبل امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ آڈیو لیک کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو ڈی آئی خان کی سینٹرل جیل سے پنجاب منتقل کیا جائے گا۔ جس کیلئےجیل ایریا اور اہم مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما پرویز خٹک اور اسد قیصر الامین ہاؤس ڈیرہ پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور نے وکلاء اور پولیس کے مذاکرات کے بعد پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بینچ کے گیٹ پر گرفتاری دے دی تھی لیکن اس سے قبل گرفتاری سے مسلسل انکار کیا تھا۔ علی امین گنڈا پور کی جانب سےدھمکی آمیز آڈیو جاری کی گئی تھی جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

آڈیو میں علی امین گنڈا پور نے دھمکی دی تھی کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد پر قبضہ کرلیا جائے گا اور اسلام آباد کو ٹیک اوور کرلیا جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد پولیس کو بھی دھمکایا تھا۔

مزیدخبریں