دھمکیوں کے بعد ٹاپ اسٹار سلمان  خان کا اپنی حفاظت کیلئے بڑا قدم

Apr 08, 2023 | 12:04 PM

ایک نیوز : سلمان خان نے لارنس بشنوئی گینگ کی دھمکیوں کے بعد اپنی حفاظت کے لئے بڑا قدم اٹھا لیا ۔
 یادرہے سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی طرف سے لگاتار جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ پولیس سیکورٹی کے علاوہ بھی انہوں نے اپنی حفاظت کے لئے خاص انتظام کیا ہے۔
 بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں وائی پلس کیٹیگری کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ تاہم سلمان خان نے خود بھی اپنی حفاظت کے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سلمان نے ایک مہنگی بلٹ پروف گاڑی خریدی ہے۔ اداکار کو اکثر سفید رنگ کی لگژری کار میں سفر کرتے دیکھا جاتا ہے۔ سلمان کی یہ بہت مہنگی گاڑی بلٹ پروف نسان پیٹرول ایس یو وی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کار فی الحال  جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے اور اسے سلمان خان نے خصوصی طور پر درآمد کیا ہے۔

 یہ بلٹ پروف گاڑی مبینہ طور پر بی6 یا بی7 لیول کی سیکورٹی سے لیس ہے۔ بی6 بیلسٹک پروٹیکشن اور 41 ملی میٹر موٹے شیشہ کے ساتھ ہائی پاور والی رائفل سے حملہ کئے جانے کے بعد بھی کار میں بیٹھے لوگ محفوظ رہتے ہیں جبکہ بی7 کے تحت 78 ملی میٹر شیشے کی وجہ سے کار کے اندر بیٹھے مسافر گولی یا دھماکے کی شدت سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ کار اب مبینہ طور پر سلمان خان کی سابقہ ​​ٹویوٹا لینڈ کروزر ایل سی 200 کی جگہ لے گی، جسے آرمر اور بلٹ پروف شیشے سے تبدیل کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے جیل سے دیے گئے انٹرویو میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد بشنوئی کے ساتھی گولڈی برار نے بھی سلمان کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔ سلمان خان کے قریبی دوست پرشانت گنجالکر نے دعویٰ کیا تھا کہ جب وہ اداکار کے باندرہ آفس گئے تو انہوں نے اردن پٹیل کے ان باکس میں دھمکی آمیز ای میل دیکھی، جس کے بعد باندرہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی۔

مزیدخبریں