ایک نیوز :جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان باقاعدہ نظام کے تحت نہیں چل رہا،ان حالات میں شاید انتخابی مہم نہ چلا سکوں۔
تفصیلات کے مطابق سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے،نگران حکومت کا تصورپوری دنیا میں نہیں ہے، میں نے پہلے ہی کہا تھا، سیاسی عدم استحکام پیدا ہو گا، سانحہ باجوڑ میں ہمارے 73 کارکن جاں بحق ہوئے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو اس وقت الیکشن ہوجاتے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آخری وقت میں آکر فیصلے سے پھرگئی تھی، ایم کیو ایم اور اختر مینگل سمیت دیگر نے اتفاق رائے سے فوری الیکشن کرانےکا فیصلہ کیا تھا، پیپلزپارٹی نے آخری وقت میں تحریک عدم اعتماد لانے پر زور دیا تھا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات فروری کے آخر تک ہوں گے، جو حالات قبائلی علاقوں میں ہیں ان میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو لانے والوں نے اعتراف کیا کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، پی ٹی آئی کو اس لیے لایا گیا تھا کہ ملک کو معاشی طور پرکمزور کیا جائے۔