ایک نیوز: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے اسلام آباد ایوانِ تجارت و صنعت کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کی۔ ملاقات میں تاجر برادری نے نگران وزیرِ اعظم کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وفد نے وزیرِاعظم کو تاجر برادری کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں وزیرِ اعظم نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ کاروباری برادری موجودہ ملکی معاشی حالات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے جس کے لئے ٹیکس کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ جب تک پاکستان میں ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ 48 کے دوران کریک ڈاؤن کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں۔ اسمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے باقاعدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے۔ ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے۔ سی ڈی اے کے نظام میں بہتری لائی جائے اور کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے۔ سی ڈی اے شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرے۔
نگران وزیراعظم نے بوھرہ کمیونٹی کے وفد کی ملاقات:
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-07/news-1694083876-7738.mp4
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے 7 ستمبر 2023 کو بوھرہ کمیونٹی کے 4 رکنی وفد نے عزت مآب شہزادہ حسین برہان الدین کی زیر قیادت ملاقات کی۔ شہزادہ حسین برہان الدین نے وزیراعظم کو اپنے والد اور بوھرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا ڈاکٹر مفضل سیف الدین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم نے ملاقات میں ملک میں معاشی، سماجی، تعلیمی اور دیگر شعبوں میں بوھرہ کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ وفد نے وزیراعظم کو بوھرہ کمیونٹی کے مختلف جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا جن میں کراچی میں زیر تعمیر امراض قلب کے علاج کے لیے ہسپتال سرفہرست ہے۔
وزیراعظم نے ملاقات میں متعلقہ حکام کو بوھرہ کمیونٹی کے ساتھ تعاون اور ان کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔