ایک نیوز: یومِ دفاع کے موقع پر ملک بھر کے مختلف مقامات پر تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اس حوالے سے بچوں کو پاک فوج اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی کے لئے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور کھاریاں میں اسلحہ اور دیگر جنگی سازو سامان کی نمائش کی گئی۔ مختلف اضلاع کے اے پی ایس اسکولز کے بچوں کو نمائش کا دورہ کروایا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے بچوں کو اسلحہ اور جنگی سازو سامان سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
طلباء اور طالبات نے جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں خصوصاً ٹینکوں میں دلچسپی ظاہر کی اور ان میں سوار بھی ہوئے۔ بچوں کو ٹینکوں اور دیگر ہتھیاروں سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں۔ بچے کافی پرجوش نظر آئے اور انہوں نے نمائش میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔
متعدد اسکولوں کے بچوں کی جانب سے یومِ دفاع کی مناسبت سے مختلف پروگرامز اور ٹیبلوز پیش کئے گئے۔ یومِ دفاع کے حوالے سے بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر بھی پیش کیں۔