ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہےکہ دشمن ملکی معیشت کی صورتحال کو دیکھ کر وار کر رہا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق جاوید لطیف نےنیشنل پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چند ہفتوں سے پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہر نظر آ رہی ہے۔ دشمن تب وار کرتا جب ریاست کے اندر کوئی کمزوری نظر آئے، دشمن ملکی معیشت کی صورتحال کو دیکھ کر وار کر رہا ہے ۔
جاوید لطیف نے کہا کہ قوم کو گو مگو کی کیفیت سے نکالنا ہے تو قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔پاکستان اس نہج پر کیسے پہنچا قوم کو بتایا جائے ،75 سال سے پاکستان میں تجربے کئے جا رہے ہیں ۔عمرانی پراجیکٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ نے لانچ کیا تھا،2014 میں سوائے ایک ادارے کے سب کو اس نے گالیاں دینا شروع کردی تھیں۔اداروں پر حملے شروع کیے اور اسے گرفتار نہیں کیا گیا،اس وقت اسے گرفتار نہ کرنے کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ تھی۔جب سے ہٹا ہے تب سے کوئی ایسا دن نہیں جس میں ہر عدالت میں درجنوں درخواستیں نہ لگی ہوں،پرورش کرنے والوں کو میر جعفر اور میر صادق کہتا تھا۔زمان پارک میں سرحد پار سے تربیت یافتہ لوگوں کو ادارے گرفتار نہ کرسکے،ادارے سب جانتے تھے مگر اداروں پر دباؤ تھا۔
جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان میں امن قائم کیا ہے،نواز شریف نے پاکستان کو سی پیک دیا۔یہ بات درست ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر کچھ قوتیں نواز شریف سے ناراض ہیں۔نواز شریف سے دوست ممالک خوش ہیں،عالمی قوتیں اور بعض دنیا کے ممالک پی ٹی آئی لیڈر کی حمایت میں سامنے آرہے ہیں۔9 مئی کے واقعات مدھم ہورہے ہیں اور عالمی قوتیں پی ٹی آئی لیڈر کی حمایت میں سامنے آگئی ہے۔پی ٹی آئی لیڈر کو آزاد کرنے کیلئےعالمی قوتیں دباؤ ڈال رہی ہیں،72 سالہ نوجوان کہتا تھا ہم کوئی غلام ہیں؟ ہم غلام نہیں تھے مگر غلام سمجھا جارہا ہے۔وہ مالیاتی ادارے جن کی ڈومین نہیں، عالمی قوتیں کس حیثیت سے ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہی ہیں۔
جاوید لطیف کا مزید کہنا ہےکہ پاکستان کے اداروں پر حملہ کر کے عالمی عدالتوں میں جانے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔مہنگائی اور قرضوں کا انبار لینے پر منصفوں نے نوٹس کیوں نہیں لیا،ایک دفعہ سزا جزا کا عمل کر کے دیکھ لیں۔