ایک نیوز نیوز: سری لنکا نے بھارت کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر بھارتی ٹیم کی فائنل میں رسائی مشکل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکا کے درمیان منگل کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں بھارت کی شکست ہوئی جسکے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ایشیا کپ میں مزید تین میچز کھیلے جانے ہیں لیکن اب تک کوئی بھی ٹیم فائنل تک رسائی نہیں حاصل کر سکی ہے۔ فائنل کھیلنے کے لیے تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کی جیت، ہار پر انحصار کرنا ہو گا۔
پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا دو میچز میں کامیابی کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور پاکستان کے خلاف سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا اور آخری میچ جمعے کو کھیلے گی۔
جبکہ سپرفورمرحلے میں پاکستان نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے اور ایکی ہی میچ میں فتح کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے اورابھی 2 میچز باقی ہیں۔ بھارت اپنے دونوں میچز میں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کسی بھی پوائنٹس کے بغیر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
سپر فور مرحلے کی چوتھی ٹیم افغانستان ہے جو ابھی ایک میچ کھیلی ہے اور ایک میچ میں ناکامی کے بعد چوتھے نمبر پر ہے اور اسے ابھی پاکستان اور بھارت کے خلاف میچز کھیلنا ہیں۔
بھارت کو فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف افغانستان کے خلاف جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں لازمی بڑے مارجن سے کامیابی درکار ہو گی بلکہ اسے پاکستان کی سری لنکا اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کی بھی دعا کرنا ہو گی۔
اگر بھارتی ٹیم جمعرات کو افغانستان کو شکست دے دیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 2 ہو جائے گی اور اگر پاکستان نے سپر فور مرحلے میں دو میں سے ایک بھی میچ جیت لیا تو بھارت اسی وقت ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔
پاکستان بدھ کو افغانستان اور جمعے کو سری لنکا کے مد مقابل ہو گا۔ اگر گرین شرٹس کو دونوں میچز میں شکست ہوئی تو فائنل میں رسائی کے لیے بھارت کے ساتھ رن ریٹ کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ لیکن ایک کامیابی قومی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دے گی۔
اگر افغانستان نے بھارت اور پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں کامیابی حاصل کر لی تو افغانستان فائنل میں پہنچ جائے گا۔
اگر افغانستان نے پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کر لی اور بھارت سے اسے شکست بھی ہوئی تو اس صورت میں ان تینوں ٹیموں میں سے وہی ٹیم سری لنکا کے خلاف فائنل کھیلے گی جس کا رن ریٹ سب سے بہتر ہو گا۔