ایک نیوز(چودھری اشرف) محمد حارث اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کے لیے نو ٹی ٹوئنٹی اور چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے محمد حارث 18 اکتوبر سے اومان میں شروع ہونے والے اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔
پاکستان شاہینز16اکتوبر کو عمان روانگی سے قبل11سے 15 اکتوبر تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی،عبدالصمد، احمد دانیال، یاسر خان اور زمان خان پہلی بار پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے، عبدالصمد نے حال ہی میں ہونے والے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ میں مارخور کے لیے نمائندگی کی اور 122.88 کے اسٹرائیک ریٹ سے سکور کیا۔
نورپور لائنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے احمد دانیال نے 10 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الائیڈ بینک سٹالینز کی طرف سے یاسر اور زمان نے بالترتیب چار اور دو میچز کھیلے، ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی ،ان ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،تمام میچ مسقط کے اومان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ہوں گے۔
گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز بھارت اے، اومان اور یو اے ای شامل ہیں،حارث کی زیرقیادت شاہینز کا مقابلہ 19 اکتوبر کو اپنے افتتاحی میچ میں گزشتہ سال کی فائنلسٹ انڈیا اےسے ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں شاہینز کا دوسرا مقابلہ 21 اکتوبر کو میزبان اومان کے خلاف ہوگا اس کے بعد اس کا آخری گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا،ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی،فائنل 27 اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا۔
عثمان واہلہ ڈائریکٹر پی سی بی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پی سی بی کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں،ہم رکن ممالک میں کھلاڑیوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہیں،ا بھر تی ہوئی ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ جیسے اقدامات نوجوان صلاحیتوں کے فروغ اور بہترین کارکردگی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم ہیں۔
پاکستان شاہین سکواڈ میں محمد حارث (کپتان ) عبدالصمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، حیدر علی، حسیب اللہ ، مہران ممتاز، محمد عباس آفریدی، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم، یاسر خان اور زمان خان۔ٹیم مینجمنٹ۔عمر رشید (ہیڈ کوچ / منیجر) عمران فرحت (بیٹنگ کوچ) رفعت اللہ مہمند (فیلڈنگ کوچ)، عثمان ہاشمی ( انالسٹ ) اور سید محمد اسد (فزیو تھراپسٹ)شامل ہیں۔