ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے میں دو چینی انجینئرز کی جانیں گئیں اور ایک زخمی ہوا،ہم چینی اور پاکستانی متاثرین کے خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں، دہشت گردی کی یہ مذموم کارروائی نہ صرف پاکستان پر بلکہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر بھی حملہ ہے،ہم مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کے سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں،پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں،پاکستان اور چین باہمی احترام اور مشترکہ تقدیر کے بندھن میں متحد ہیں،پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نےمزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی قوتوں کو شکست دینے کے لیے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں دھشتگردی کے واقعے پر چینی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب چینی عملے کی گاڑی پر حملہ کیا گیا ، اس حملے میں دو چینی ہلاک، ایک زخمی اور کچھ مقامی متاثر ہوئے ، پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانے کی دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کر کے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
، چینی سفارتخانہ نے کہا کہ پاکستانی حکام سے مکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں ،پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی اپیل کرتے ہیں ،پاکستان میں موجود چینی شہریوں اور منصوبوں کو سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے، حفاظتی تدابیر مضبوط کرنے اور چوکنا رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔