ایک نیوز: بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے دوران پاکستان صحافیوں اور کرکٹ فینز کو ویزہ جاری نہ کرنے پرآئی سی سی کا بیان سامنے آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ میں شائقین کرکٹ کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کیا اور یقین دلایا کہ معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ معاملے کو جلد از جلد کرنے کی کوشش کررہے ہیں جلد نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
گزشتہ روزپی سی بی نے آئی سی سی سے ورلڈکپ کی ویزا پالیسی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شائقین اور صحافیوں کے ویزا کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔بورڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں مایوسی ہوئی کہ پاکستانی صحافی اور شائقین آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ کی کوریج کے لیے بھارتی ویزوں کے حصول کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہیں،یہ غیر یقینی صورتحال ہم پر دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔
پی سی بی کے خط میں مزید کہا گیا کہ ہم گزشتہ 3 سالوں سے شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزے جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو ان کی ذمہ داریوں اور اراکین کے معاہدے کے بارے میں یاد دلاتے رہے ہیں تاہم پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے جو افسوس ناک ہے۔