لاہور: ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

Oct 07, 2023 | 11:56 AM

ایک نیوز: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی بڑی کارروائیاں، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ انسپکٹر وقار اعوان کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے چھاپہ مار کاروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان میں ایجنٹ مسرت رشید، احمد جمشید ، محمد عارف اور عبداللہ شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایجنٹ مسرت نوید اور احمد جمشید نے متاثرین کو حج پر بھجوانے کے لیے 70 لاکھ روپے بٹورے۔ تاہم ملزمان متاثرین کو حج پر بھجوانے میں ناکام رہے۔ ملزمان بغیر لائسنس کے شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر پیسے وصول کر رہے تھے جبکہ ملزم محمد عارف اور عبداللہ نے متعدد شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر پیسے ہتھیائے۔

ملزمان نے البانیا بھیجنے کے لیے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقوم شہریوں سے وصول کیں۔ دوران چھاپہ ملزمان کے قبضے سے 4 عدد پاکستانی پاسپورٹس ، 4 عدد جعلی البانیا کے ویزے و دیگر دستاویزات برآمد کر لئی گئی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور ریاض خان نے انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لئے خصوصی اسکواڈ تشکیل  دیے ہیں۔

مزیدخبریں