شیخوپورہ؛روزی کی تلاش میں آیا مزدور گردے سے ہاتھ دھو بیٹھا

شیخوپورہ؛روزی کی تلاش میں آیا مزدور گردے سے ہاتھ دھو بیٹھا

ایک نیوز: شیخوپورہ میں روزی کی تلاش میں آیا مزدور اپنے گردے سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں روزی کی تلاش میں آیا مزدور اپنے گردے سے ہی ہاتھ دھو بیٹھا۔محنت مزدوری پر آئے نوجوان کو دیہاڑی کا جھانسہ دے کر شاہ کوٹ سے بتی چوک بس اسٹینڈ پر بلایا گیا جہاں پر کیری ڈبہ پر سوار 2 افراد گھر میں رنگ روغن کروانے کے بہانے غلام عباس نامی نوجوان کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔

متاثرہ نوجوان غلام عباس کے مطابق کیری ڈبہ پر سوار ہونے کے بعد گلاس میں بوتل پلائی جسے پینے کے بعد بیہوش ہو گیا آنکھ کھلی تو نیم بیہوشی کی حالت میں کمرے میں موجود افراد سے پوچھا میں کہاں ہوں اور مجھے کیا ہوا ہے۔کمرے میں موجود افراد نے کہا کہ تمہیں رب نے نئی زندگی دی ہے شکر کرو تم بچ گئے ہو تمہارا ایکسیڈنٹ ہو گیا تھا تھوڑی بہت چھوٹیں آئیں ہیں جو جلد ٹھیک ہو جائیں گی۔ 10 دن تک مجھے مخلتف ادویات دے کر بیہوشی کی حالت میں رکھا گیا تھوڑا بہت چلنے کے قابل ہوا تو موٹر سائیکل پر بٹھا کر ویرانے میں چھوڑ دیا گیا جہاں سے بس پر سوار ہو کر گھر پہنچا تو بھائی علاج معالجہ کے لیے قریبی کلینک میں لے گیا۔

دوران علاج معالجہ ڈاکٹر نے بتایا کہ تمہارا ایک گردہ ہی غائب ہے حالت بگڑنے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا جہاں الٹراساؤنڈ کروانے پر گردہ غائب ہونے کی تصدیق ہو ئی۔نوجوان شاہ کوٹ کا رہائشی ہے جو محنت مزدوری کے لیے شیخوپورہ آیا تھا متاثرہ نوجوان نے کاروئی کیلئےتھانہ اے ڈویژن میں درخواست دائر کر دی ہے ،ڈی پی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے