بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ: آن لائن فراڈ میں ملوث گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

Oct 07, 2023 | 11:18 AM

ایک نیوز: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی کی بڑی کارروائی، بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر سادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم راولپنڈی چوہدری عبدالرؤف کی ہدایات پر انسپیکٹر بدر شہزاد نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کے نام پر آن لائن فراڈ میں ملوث گینگ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملزمان بیرون ملک ملازمت کے نام پر سوشل میڈیا پر اشتہارات لگاتے تھے۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے واٹس ایپ پر بھی میسیجز بھیجتے تھے۔ ملزمان نے 32 متاثرین سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر 25 لاکھ روپے بٹورے۔ 

ملزمان نے متاثرین سے فنگر پرنٹ، میڈیکل اور پراسیسنگ فیس کے نام پر 78800 روپے فی کس بٹورے۔ ملزمان نے متاثرین کے فنگر پرنٹس اور میڈیکل لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں کروائے۔ 

گرفتار ملزمان میں محمد حنیف، اکبر، محمد اختر اور محمد وسیم شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو مظفر گڑھ سے گرفتار کیا۔ ملزمان نے مذکورہ رقوم مختلف ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں منگوائی۔ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں