ایک نیوز:ایشین گیمز کرکٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو6 وکٹوں سے ہراکر کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم نے 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں کے تیسری پوزیشن کیلئےکھیلے گئے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے ہرادیا۔بارش کی وجہ سے میچ پہلے 13اوورز تک محدود کردیا گیا تھا تاہم پاکستان کی اننگز کے دوران ہونے والی بارش کے سبب یہ میچ پانچ اوورز تک محدود ہوکر رہ گیا۔
بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جس نے پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 48 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نظرثانی شدہ ہدف کے تحت جیتنے کے لیے 65 رنز بنانے تھے جو اس نے آخری اوور کی آخری گیند پر4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے۔
بنگلا دیش کی اس جیت کا سہرا یاسر علی اور عفیف حسین کے سرجاتا ہے، عفیف حسین نے 11 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے20 رنز بنائے۔یاسر علی نے 16 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔پاکستان کی طرف سے ارشد اقبال تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب باؤلر رہے۔
اس سے قبل پاکستان کی اننگز میں مرزا بیگ نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ خوشدل شاہ نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔