ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے23 ویں سربراہ بن گئے

ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے23 ویں سربراہ بن گئے
کیپشن: ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے23 ویں سربراہ بن گئے

ایک نیوز: ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔

اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لئے بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے، پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔

ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے۔

سابق نیول چیف نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی رہا، کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا رہا۔

بعدازاں ایڈمرل (ر) چیف امجد خان نیازی نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سونپی جس کے بعد ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے۔

مجھے پتہ ہے کہ چیلنجز بہت ہیں مگر ہم قابو پالیں گے:نیول چیف

اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد نیول چیف نوید اشرف نے کہا کہ نئی ذمہ داری سنبھالنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں ۔مجھے پتہ ہے کہ چیلنجز بہت ہیں مگر ہم قابو پالیں گے۔نیول چیف نےاستقبالیہ میں سابق نیول چیفس سے بھی ملاقات کی۔سابق نیول سربراہوں نے ایڈمرل نوید اشرف کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

BIO DATA امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف

امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پرانہیں قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اپنے شاندار نیول کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کے 10 سالہ کمانڈز تجربے میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، تین ڈسٹرائرز اور 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر اسکواڈرنز کی کمانڈزشامل ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزازبھی حاصل ہے۔ ان کی اہم ا سٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس 151کے چیف اسٹاف آفیسر، وائس پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(ایڈمن)، ڈائریکٹر جنرل C4I، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کی اہم تعیناتیاں شامل ہیں۔

ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول اسٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔دوران سروس شاندار خدمات کے اعتراف میں ایڈمرل نوید اشرف کو ہلال امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔

شہبازشریف کی مبارکباد

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے،سابق وزیراعظم نے ایڈمرل نوید اشرف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار  کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بحریہ پاکستان کی مسلح افواج کا ایک طاقتور اور اہم حصہ ہے جس کا شاندار ماضی اور تابناک مستقبل ہے۔دعا ہے کہ ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ مزید مضبوط ہو، اس کی پیشہ ورانہ قابلیت میں مزید اضافہ ہو گا، ان شاءاللہ۔سابق وزیراعظم نے پاک بحریہ اور ملک کے لئے خدمات پر سبکدوش ہونے والے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ایڈمرل نوید اشرف کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئےایڈمرل نوید اشرف کو چیف آف نیول سٹاف مقرر ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار  کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایڈمرل نوید اشرف ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور قابل آفیسر ہیں، ان کی سربراہی میں پاک بحریہ مزید مضبوط فورس بن کر ابھرے گی۔ پاک بحریہ پاکستان کی بڑی اور فضائی فورسز کی مانند افواج پاکستان کا کلیدی جزو ہے۔ پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے۔پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میی ہوتا ہے۔پاک بحریہ نے ہمیشہ پاکستان کی سمندری حدود کی بہترین انداز میں حفاظت کی ہے۔ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا ہے تو پاک بحریہ کے جوان ہمیشہ ملک کی حفاظت اور خدمت کےلئے پیش پیش رہے ہیں۔اسپیکر نے پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کیلئےاپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔