سنگین مالی بحران،پی آئی اے کی متعدد پروازیں تاخیر کاشکار

Oct 07, 2023 | 09:26 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:پی آئی اے کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکارہوگئیں، پروازیں تاخیر کا شکار ہونے کے بعد مسافروں کا صبر جواب دے گیا، ڈیپارچر لاؤنج میں مسافروں کا احتجاج ائیر لائن کے عملے سے بھی گرما گرمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے دوحہ، ابوظبی، ٹورنٹو اور ریاض جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

کراچی سے ملتان اور لاہور سے کراچی کی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئیں، اسلام آباد سے گلگت آنے اورجانے والی دو پروازیں پی کے 601 اور پی کے 602 بھی منسوخ کر دی گئیں۔

اسلام آباد سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فیول فراہم ہوگا فلائٹس روانہ ہو جائیں گی۔

اسلام آباد سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پروازیں سات اور آٹھ بجے کراچی کیلئے روانہ ہونی تھیں۔پرواز پی کے 309 اور پی کے 319 تاحال اڑان نہ بھر سکیں۔

طیاروں کے پرواز نہ کرنے کے حوالے سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ایس او کی جانب سے تیل فراہم نہیں کیا جارہا ، جسکی وجہ سے فلائٹس تاخیر کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیول کی عدم فراہمی کے باعث تین فلائٹس اڑان نہ بھر سکیں۔

اس ساری صورتحال میں مسافر پریشان ہیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ مسافر بیمار ہیں، جنھیں سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مسافروں میں بزرگ، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ چھ بجے سے ائیرپورٹ پر پہنچے تھے لیکن انتظامیہ غائب ہے۔

مزیدخبریں