ایک نیوز :یواےای نے ہوا سے بجلی پیداکرنےکے پہلے منصوبے کاافتتاح کردیا۔
مصدر کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ابوظبی کی سرکاری ملکیت میں قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے والی اس کمپنی نے خلیج عرب کے دو جزیروں سمیت چار مقامات پر ہوا کی طاقت استعمال کر کے 103.5 میگا واٹ بجلی بنائی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ ہوا کی کم رفتار پر بھی توانائی پیدا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے جس سے اسے متحدہ عرب امارات کے حالات کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات خلیجی عرب کا پہلا تیل پیدا کرنے والا ملک تھا جس نے 2050 تک کاربن کے خالص صفر اخراج تک پہنچنے کے ہدف کا اعلان کیا۔ حتیٰ کہ جب وہ اقوام متحدہ کے سی او پی 28 موسمیاتی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے تب بھی تیل اور گیس کی پیداواری صلاحیت کو بڑھا رہا ہے۔
چیف ایگزیکٹو محمد جمیل الرماحی نے گذشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا کہ شفاف بجلی پیدا کرنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی مصدر اس عشرے کے آخر تک 100 گیگا واٹ کی مجموعی صلاحیت حاصل کرنا چاہتی ہے تو یہ اس سال صلاحیت کو دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔