ایک نیوز نیوز: چترال میں طویل العمر کیلاش خاتون سنگیرائے بی بی 120برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
رپورٹ کے مطابق سنگیرائے بی بی کی تدفین قبرستان گروم میں کی گئی۔ تعزیت کے لیے آنے والوں کے لیے 30 بکرے ذبح کئے گئے۔ جبکہ کھانوں کے لیے تین من دیسی گھی ، 150کلوگرام پنیر، 25من آٹا اور ایندھن کے لیے 200 من لکڑیاں استعمال کی گئیں۔
کالاش مذہب کے مطابق یہ سوگ اگلے تہوار چوموس تک جاری رہے گا۔
سنگیرائے کیلاش کی وادی رمبور سے تعلق رکھنے والی مشہور خاتون تھیں جنہیں سب نانی کہتے تھے۔ وہ اچھے اخلاق اور فلاحی کاموں کی وجہ سے مشہور تھیں۔
کیلاش قبیلے کے خیبرپختونخوا کے رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کا کہنا ہے کہ سنگیرائے بی بی کی عمر 120 سال سے زیادہ ہو گی۔وہ ہمارے قبیلے کی معتبر خاتون تھیں۔ انہوں نے کیلاش کلچر کے فروغ کے لیے بہت خدمت کی۔ مذہب اور ثقافت سے متعلق کئی معاملات میں ہم ان سے رہنمائی حاصل کرتے تھے۔‘
سنگیرائے کے سات بیٹے اور 2 بیٹیاں تھیں۔ بڑی بیٹی پرچم بی بی کی عمر 90 برس سے زائد ہے جبکہ بیٹا ریٹائرڈ حوالدار ہے۔