جعلی ڈگری کیس، عدالت نے شعیب شیخ کو آخری موقع دے دیا

Oct 07, 2022 | 11:47 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں بول نیوز  کے سی ای او شعیب شیخ سزا کے خلاف اپیل میں ایک بار پھر پیش نہ ہوئے۔

 عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے شعیب شیخ کو عدالت پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی شعیب شیخ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی کا حکم واپس لینے پر غور کریں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ سماعت کے دوران ایف آئی اے پراسیکیوٹراشفاق نقوی نے کہاکہ شعیب شیخ گزشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔  عدالت سے استدعا ہے کہ سزا معطلی کا حکم واپس لیا جائے۔

دوران سماعت شعیب شیخ کے وکیل نے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شعیب شیخ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے استفسار کیاکہ وہ کب پیش ہوں گے؟وکیل نے استدعا کی کہ آئندہ ماہ کی کوئی بھی  تاریخ دے دیں۔عدالت نےمذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ شعیب شیخ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر تے ہوئے  سماعت یکم نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 5 جولائی 2018ء کو شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو سزا سنائی تھی۔ شعیب شیخ کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 20 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس پر شعیب شیخ اور دیگر نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے اوراسلام آباد ہائیکورٹ نے شعیب شیخ کی سزا معطل کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں