ویب ڈیسک:اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملے جاری ہیں، ملک کے مشرقی حصے وادی بیکا اور بعلبیک پر بمباری سے 40 افراد شہید جبکہ 53 زخمی ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ ’وادی بیکا اور بعلبیک پر اسرائیلی حملوں میں 40 افراد شہید ہو گئے۔
مزید کہنا تھا کہ 11 افراد بعلبیک میں شہید ہوئے، جبکہ 9 افراد ضلع شکان میں شہید ہوئے، اس کے علاوہ صہیونی فوج کے نصریہ گاؤں میں حملے میں 16 افراد نے جام شہادت نوش کیا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ لاپتا افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ حملے حزب اللہ کے نئے سربراہ نعیم قاسم کے اس بیان کے فوری بعد کیے گئے کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ سیاسی اقدام سے اسرائیل کی جارحیت ختم ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ بالواسطہ بات چیت کا راستہ ہو سکتا ہے تاہم اسرائیل کو لبنان پر بمباری بند کرنی ہوگی۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں لبنان میں اب تک کم از کم 3 ہزار 50 افراد شہید اور 13 ہزار 658 زخمی ہو چکے ہیں۔