ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی و ایرانی سیکورٹی فورسز کے ایران سرحد پر مشترکہ آپریشن کی خبر غلط ہے سوشل میڈیا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
ممتاز زہرا نے کہا کہ پاکستان سیکورٹی فورسز نے پنجگور سے 30 کلومیٹر اندر سمگلرز کے خلاف آپریشن کیا ہے، پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے اندورنی معاملات میں عدم مداخلت پر کار بند ہیں ہم پاک امریکہ تعلقات کو پھل دار بنانے کے خواہش مند ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے، پاکستان اور چین میں آہنی تعلقات ہیں پاکستان اور چین کے سیکورٹی معاملات سمیت تمام شعبوں میں رابطے ہیں ،چینی باشندوں پر حملہ کی تحقیات جاری ہیں جو مکمل ہونے پر وزارت داخلہ اس پر بات کرے گی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حساس کمیونیکیشنز کے حوالے سے گفتگو سیکرٹ ایکٹ میں آتی ہے مشرقی ایشیا و میانمار میں ہمارے مشن مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے سرگرم ہیں ،وہاں ایسے اغوا کار گروپ سیکورٹی کے حوالے سے سنجیدہ خطرہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ نے امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کی قومیت کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں اور آصف مرچنٹ تک قونصلر رسائی کی فراہمی کی بھی درخواست کی ہے جبکہ برطانیہ میں قاضی فائز عیسی پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔