ایک نیوز:توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں عمران خان کی ضمانت بحالی کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی کاپی طلب کرتے ہوئے وزارت قانون کے مجاز افسر کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل اور توشہ خانہ نیب کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی سردار شہباز کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل شہباز کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کردیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے عدم حاضری پر ضمانت درخواستیں خارج کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی گرفتاری کے باعث پیش نا ہو سکے، ضمانت درخواستیں بحال کی جائیں۔
دوران سماعت وکیل شہباز کھوسہ نے مختلف کیسوں کا حوالہ دیا۔ جس پر عدالت نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی کاپی طلب کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ وزارت قانون کا مجاز افسر آئندہ منگل تک عدالت کے سامنے پیش ہو۔ کیس کی مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی۔