ایک نیوز: پارٹی میں شمولیت یا کھانے کی دعوت، رؤف صدیقی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی جبکہ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم رہنما نے تو بس کھانے کی دعوت دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں نے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں میں سائیڈ لائن کئے گئے سیاستدانوں کو دوسری پارٹیوں سے آفرز آنے لگیں۔
فاروق ستار نے مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی تو رؤف صدیقی بھی پیچھے نہ رہے اور احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی تو انہیں ایم کیو ایم میں شامل ہونے کی دعوت دے ڈالی۔
روف صدیقی کی آفر پر شاہد خاقان عباسی بولے کہ انہیں صرف کھانے کی دعوت ملی ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفے کے بعد شاہد خاقان عباسی اور پارٹی کے درمیان خلیج بڑھ چکی ہے اور وہ اہم مشاورتی اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہوتے ہیں۔