ایک نیوز :یوکرین نے گذشتہ ہفتے روسی میزائل حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی یوکرین میں ژاپروژویا کے شہر میں اگلے محاذ پر ہونے والی ایوارڈز کی ایک تقریب پر میزائل حملے میں فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، تاہم حکومتی سطح پر ان ہلاکتوں کی تصدیق اب کی گئی ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرین کی 128 ویں ماؤنٹین اسالٹ بریگیڈ کی جانب سے آج ( 6 نومبر کو) جاری کردہ بیان میں 19 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
ہفتے کے روز یوکرینی وزیردفاع نے کہا تھا کہ حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
یوکرینی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک علیٰحدہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ روس نے اس علاقے کو’ اسکندر ‘ بلیسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے جہاں اس تقریب کے لیے فوجی جمع تھے۔
دریں اثنا روسی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ روسی افواج نے یوکرینی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں کم از کم 30 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
یوکرین کے بیورو آف انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ وہ ملٹری کمانڈ کے اس فیصلے کی تفتیش کررہا ہے جس کے تحت فرنٹ لائن کے قریب گاؤں میں ’ راکٹ اینڈ آرٹلری ڈے ‘ کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
روسی حملے میں فوجیوں کی ہلاکت پر یوکرینی صدر ولادیمیر زینسکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس سے بچا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے نتیجے میں آنجہانی سپاہیوں کے اہل خانہ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ یہ سانحہ کیسے ہوا اور کیا اس کی وجہ کوئی نامناسب حکم نامہ تو نہیں تھا۔