ایک نیوز نیوز: عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ وزیرآباد میں درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں موقع سے گرفتار ملزم نوید کو باقاعدہ ملزم نامزد کیا گیا جبکہ قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا۔ ایف آئی آر کو کل سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے بعد ایف آئی آر کو عام کیا جائے گا۔ ایف آئی آر کی کاپی ایک نیوز نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد کل ہی مرکزی ملزم نوید کی باقاعدہ گرفتاری ڈال دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ملزم نوید اس وقت سی ٹی ڈی کی حراست میں لاہور چوہنگ کے ایک سیل میں موجود ہے۔ عمران خان پر فائرنگ کا واقعہ جمعرات کو مارچ کے دوران پیش آیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر چار روز بعد درج کیا گیا ہے۔