ایک نیوز :پنجاب میں ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن اور انہیں سالانہ بنیادوں پر لائسنس جاری کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی۔
حکومت نے ترقی یافتہ ممالک کی طرح مخصوص علاقوں میں جدید ڈیزائن کی ریڑھیاں لگوانے کے لئے قابل عمل تجاویز طلب کر لیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلی آفس کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر نویرا نے نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد سے ملاقات کی۔
نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد کاکہنا تھا کہ ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن اور انہیں سالانہ بنیادوں پر لائسنس جاری کرنے کا جائزہ لیا جائے،ترقی یافتہ ممالک کی طرح مخصوص علاقوں میں جدید ڈیزائن کی ریڑھیاں لگوانے کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔ریڑھیوں پر کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر ضروری اشیا فروخت کی جا سکیں گی،رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ لگانے سے ریڑھی بانوں کی عزت افزائی اور ان میں احساس تحفظ پیدا ہوگا۔ریڑھیوں کی رجسٹریشن سے مالکان کو مختلف سرکاری اہلکاروں کی بھتہ خوری اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی۔
ابراہیم مراد نے مزید کہا کہ ریڑھی بانوں کے بھتے کی بجائے سالانہ معمولی سرکاری فیس ادا کرنے سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔ریڑھوں کی لئے جگہیں مختص کرنے سے ٹریفک کے بہاﺅ میں بھی بہتری آئے گی۔ پلان کی کامیابی کی صورت میں نئی ریڑھیاں بھی لگائی جائیں گی جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔