ایک نیوز :آسٹریلیا کی خوبرو ماڈل اور ’مس یونیورس‘ کے مقابلہ حسن کے فائنل میں پہنچنے والی 23 سالہ سینا ویر گھڑ سواری کے دوران گھوڑے سے گرکر چل بسیں۔
تفصیلات کےمطابق سینا ویر گزشتہ ماہ اپریل کے دوران گھڑ سواری کرتے ہوئے تیز رفتار گھوڑے سے گر کر شدید زخمی ہوگئی تھیں۔حادثے کے دوران ان کا گھوڑا بھی زخمی ہوا تھا اور دونوں کو ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم سینا ویر ایک ماہ زیر علاج رہنے کے باوجود جاں بر نہ ہوسکیں۔
آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق سینا ویر دوران علاج وینٹی لیٹر پر بھی رہیں اور کئی دن سے انہیں مصنوعی طریقے سے سانس دیا جا رہا تھا۔
ماڈل کئی ہفتوں تک زیر علاج رہنے کے بعد 6 مئی کو چل بسیں، جس پر آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں ’مس یونیورس‘ کے مقابلوں میں حصہ لینے والی دوشیزاؤں نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا۔
سینا ویر 2022 کے ’مس یونیورس‘ مقابلوں میں آسٹریلیا کی جانب سے شریک ہوئی تھیں اور فائنل ہونے والی 22 خوبصورت ترین دوشیزاؤں میں سے ایک تھیں۔
انہوں نے انگریزی ادب اور سائکولاجی میں گریجوئیشن کر رکھا تھا اور وہ چند سال سے کینسر کے شکار بچوں کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کے ساتھ فنڈز اکٹھے کرنے میں بھی مصروف تھیں۔