سب کیلئے مفت علاج :صحت کارڈ بحال ،وزیراعلیٰ پختونخوا کا پہلابڑا فیصلہ

Mar 07, 2024 | 18:30 PM

ایک نیوز : خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری ،صوبے بھر میں صحت کا رڈبحال ،سب کیلئے مفت علاج ہوگا ۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے یکم رمضان سے صحت کارڈ کے تحت 100 فیصد آبادی کے لئے مفت علاج بحال کردیا۔ یہ اہم فیصلہ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ صوبائی حکومت کے اعلی حکام اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے حکام نے بھی  اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال کرنے کے لئے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کردیئے گئے۔

 اجلاس میں صحت کارڈ کی مد میں اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ماہانہ پانچ ارب روپے جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن و امان کے بعد عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے،  صحت کارڈ عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے، اس کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا،  اسٹیٹ لائف کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے،  اس اسکیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کی جائیں گی تاکہ اس کا ذیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

مزیدخبریں