صدر عارف علوی نے ایوان صدر خالی کردیا

Mar 07, 2024 | 17:02 PM

ایک نیوز :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےایوان صدر خالی کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے اپنا سامان ایوان صدر سےباہر منتقل کردیا،صدر علوی کو کل الوداعی گارڈ آف آنر دیا جائے گا ۔ صدر نو مارچ کو اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے ۔ ان کے عہدے کی آئینی مدت ستمبر 2023 میں مکمل ہوگئی تھی نئے صدر کے انتخاب تک وہ ذمہ داریاں  انجام دے رہے ہیں۔

عارف علوی کون ہیں؟

عارف علوی پیشے کے اعتبار سے دندان ساز ہیں جو 29 جولائی 1949ء کو کراچی میں پیدا ہوئے اور اپنے زمانہ طالب علمی سے ہی سیاست میں دلچسپی رکھتے ہیں۔عارف علوی نے De Montmorency College of Dentistry لاہور سے بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کی۔ پیشے کے لحاظ سے ایک ڈینٹسٹ ہیں۔ ایشیا پیسفک ڈینٹل فیڈریشن اور پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔ 1979میں کراچی کے ایک حلقے سے انہوں نے جے آئی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا۔1996میں پاکستان تحریک انصاف جوائن کر لی اور پی ٹی آئی کے بانی ارکان میں شامل ہوئے۔

1997میں تحریک انصاف سندھ کے صدر بنے۔1997کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقے پی ایس 89میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے۔2001 میں پی ٹی آئی کے نائب صدر بن گئے۔ 2002 میں بھی صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں ناکام ہوئے۔

عارف علوی پاکستان تحریک انصاف کے 2006ء سے 2013ء تک سیکرٹری جنرل رہے، وہ پہلی بار پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر عام انتخابات 2013ء میں حلقہ این اے-250 (کراچی-12) سے 77 ہزار سے زائد ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔
2013ء کے انتخابات میں عارف علوی واحد پی ٹی آئی امیدوار تھے جو سندھ سے منتخب ہوئے، 2016ء میں وہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور 2018 کے عام انتخابات میں این اے247 سے ایک مرتبہ پھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ اٹھارہ اگست کو پی ٹی آئی نے عارف علوی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا۔ 

مزیدخبریں