ایک نیوز : بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ہنومان کی تصویر کے ساتھ خاتون باڈی بلڈر کی تصویروائرل ہونے پرانتہاپسندوں نے ہنگامہ شروع کردیا۔
مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ کمل ناتھ نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ منگل کو ہولیکا دہن سے پہلے 'ہنومان چالیسہ' پڑھیں۔ کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں بھگوان ہنومان کی "بے عزتی" کی گئی ہے۔ 4 اور 5 مارچ کو رتلام میں منعقدہ 13 ویں مسٹر جونیئر باڈی بلڈنگ مقابلے کے مقام پر خواتین باڈی بلڈرز نے بھگوان ہنومان کی تصویر کے ساتھ کھڑے ہو کر تصویر کھچوائی جس پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اس ہنگامہ کے بعد کانگریس کے مقامی رہنماؤں نے اس مقام پر گنگا جل چھڑکا اور ہنومان چالیسہ پڑھا۔
باڈی بلڈنگ پروگرام کے دعوتی کارڈ کے مطابق، آرگنائزنگ کمیٹی میں شہر کے بی جے پی میئر پرہلاد پٹیل شامل ہیں، جبکہ سرپرست قانون ساز چیتنیا کشیپ ہیں۔ اس تقریب کی ایک ویڈیو، جو سوشل میڈیا پر منظر عام وائرل ہوئی اس میں خواتین باڈی بلڈرز کو پوز دیتے ہوئے دکھایا گیا، جس کے نتیجے میں سابق میئر اور کانگریس لیڈر پارس سکلیچا نے پٹیل اور کشیپ پر "بے حیائی" کا مظاہرہ کرنے کا الزام لگایا۔
ریاستی بی جے پی کے ترجمان ہتیش باجپائی نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے جوابی حملہ کیا کہ کانگریس خواتین کو کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتی، جب کہ تقریب کے کچھ منتظمین نے پولیس کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں کانگریس رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔