ایک نیوز: ریڈیو کا خسارہ پورا کرنے کے لیے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر پانچ سو روپے ریڈیو فیس وصول کرنے کی تجویز کر دی گئی ہے جس سے سالانہ ڈیڑھ ارب روپے تک اضافی آمدن کا تخمینہ لگا لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر پانچ سو روپے ریڈیو فیس لینے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے اطلاعات نے ہر نئی گاڑی کی رجسٹریشن پر 500 روپے ریڈیو فیس وصول کرنے کی سفارش کر دی ہے ۔
کنوینر عرفان صدیقی کی سربراہی میں کمیٹی نے موٹر سائیکلوں کے علاوہ تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن پر بھی ریڈیو فیس وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔ ریڈیو پاکستان کو فیس سے سالانہ ڈیڑھ ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں سالانہ 26 سے 27 لاکھ نئی گاڑیاں رجسٹرڈ ہو تی ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد کے مطابق رجسٹریشن پر ریڈیو فیس کی وصولی کی تجویز کچھ سال قبل بھی دی گئی تھی تاہم اس وقت اس تجویز کو مسترد کردیا گیا تھا۔