ایک نیوز: سیشن کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کی 20 مارچ تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے روکنے کے کیس کی سماعت سیشن عدالت میں ہوئی۔ فواد چودھری کے خلاف تھانہ ریس کورس میں کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج ہے، پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سیشن کورٹ سے عبوری ضمانت کیلئے رجوع کیا، عدالت نے فواد چودھری کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو 20 مار چ تک گرفتاری سے روک دیاہے۔
بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کو 50ہزار روپے کے مچلکے اور شامل تفتیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو پیشرفت رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔