ٹیکس سے حاصل رقم کہاں خرچ ہوئی؟ تفصیلات طلب

Mar 07, 2023 | 10:04 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز : سندھ ہا ئیکورٹ نے اے جی سندھ سے کراچی میں ٹیکسز سے حاصل ہونے والی رقم کے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے ترقیاتی کاموں کیلئے دیے گئے فنڈ میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے ایف بی آر اور ایڈیشنل اے جی سندھ سے جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران کراچی سے کتنا ٹیکس اکٹھا ہوا اور ٹیکس سے اکٹھا پیسوں کا کتنا حصہ ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوا ہے؟عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بتائے گزشتہ تین سالوں میں کتنا سیلز ٹیکس اور کتنی رقم ٹیکس سے حاصل کی گئی ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل اے جی سندھ کو ہدایت کی کہ ٹیکسز سے حاصل ہونے والی رقم  کو کہاں خرچ کیا گیا ہے اس کی تفصیلات پیش کی جائیں۔

عدالت نے صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عدالت کی معاونت کے لیے پیش ہوں۔درخواست گزار نے عدالت میں ورلڈ بینک کی جانب سے کراچی کے ترقیاتی کاموں کے لیے دیے گئے 3600 ملین روپے کے فنڈز میں غیر شفافیت کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے۔

مزیدخبریں