ایک نیوز :بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع لسبیلہ اور حب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مکمل ہوگیا، لسیبلہ میں جام گروپ جبکہ حب میں بھوتانی گروپ نے میدان مار لیا۔
حب اور لسبیلہ جبکہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خالی رہ جانیوالی نشستوں اور مخصوص نشستوں پر انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔
حب میونسپل کارپوریشن کی 20 مخصوص نشستوں میں بھوتانی گروپ 10 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر رہا جبکہ جام گروپ 7 نشستوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے، نیشنل پارٹی، بی این پی اور جے یو آئی ایک ایک نشست حاصل کرسکی۔
ضلع لسبیلہ کی بیلہ میونسپل کمیٹی کی 7 نشستوں میں جام گروپ نے 6 نشستیں جیت کر میدان مار لیا جبکہ بھوتانی گروپ صرف ایک نشست حاصل کرسکا۔
اوتھل میونسپل کمیٹی میں بھی جام گروپ نے 8 میں سے 6 نشستیں جیت کر میدان مار لیا جبکہ بھوتانی گروپ اور جے یو آئی کے امیدوار ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاکھڑا یونین کمیٹی میں جام گروپ نے چاروں نشستیں جیت کر کلین سویپ کرلیا۔
بلوچستان کے ضلع پشین، چمن، نوشکی، خاران، نصیرآباد اور جعفرآباد سمیت 16 اضلاع میں خالی رہ جانے والی 234 مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔