ایک نیوز:نیو یارک سے دہلی جانے والی امریکن ایئر لائنز کی پرواز میں بزنس کلاس کے مسافر پر پیشاب کرنے اور عملے کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے الزام میں ایک امریکی کالج کے طالب علم کو گرفتار کرلیا گیا۔
جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے آنی والی پرواز اے اے 292 جب مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شام اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری تو 21 سالہ انڈین شہری آریان ووہرا کا سامنا پولیس سے ہوا۔
امریکن ایئر لائنز نے بتایا کہ ووہرا ’بہت زیادہ نشے‘ میں تھے اور عملے کی ہدایات کو نظر انداز کر رہے تھے۔
ایئرلائن نے بتایا کہوہ آپریٹنگ عملے کے ساتھ بار بار بحث کر رہے تھے، بیٹھنے کے لیے تیار نہیں تھے، اور عملے اور طیارے کی حفاظت کو مسلسل خطرے میں ڈال رہے تھے اور ساتھی مسافروں کی حفاظت میں خلل ڈالنے کے بعد آخر کار سیٹ نمبر 15 پر بیٹھے (ایک مسافر) پر پیشاب کر دیا۔
پائلٹ نے بدتمیز مسافر کے بارے میں متنبہ کرنے کے لیے ہوائی اڈے کی سکیورٹی کو پہلے ہی بتا دیا تھا۔
ہوائی اڈے کے ڈپٹی چیف آف پولیس دیویش کمار مہلا نےبتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے طیارے سے اتارے جانے کے بعد بھی وہ بدسلوکی کرتے رہے۔دیگر مسافروں کو ایسا کرنے سے روکنے کے لیے اس مسافر کے خلاف سخت ترین ممکنہ کارروائی کی جائے گی۔
دیویش کمار مہلا نے مزید کہا کہ بزنس کلاس میں سفر کرنے والا متاثرہ شخص امریکی شہری تھا اور اس نے پولیس میں شکایت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص کے خلاف انڈیا کے سول ایوی ایشن ایکٹ کے تحت ’فلائٹ سیفٹی کو خطرے میں ڈالنے‘ کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ جبکہ ووہرا پر امریکن ایئر لائنز میں پرواز کرنے پر مستقل پابندی عائد ہوگی۔