غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے اتوار کے روز اعلان کیا گیا کہ روس میں فیک نیوز قوانین کے بعد لائیو اسٹریمنگ اور نئی ویڈیوزکی پوسٹنگ کو معطل کردیا ہے ،تاہم اس دروان ایپ میسجنگ سروس متاثر نہیں ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک تخلیقی صلاحیتوں اور تفریح کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو جنگ کے اس وقت میں انسانی رابطے کا ذریعہ فراہم کر سکتا ہے لیکن جعلی خبروں کے قانون کے بعد کمپنی کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
کمپنی نے مزید کہا کہ ملازمین اور صارفین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیو ٹن نے جمعے کے روزجعلی خبریں پھیلانے والے میڈیا اداروں اور افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بل پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ملک میں فیک نیوز پھیلانے کو جرم قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یوکرین حملے پر احتجاج کرتے ہوئے آن لائن اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس (Netflix) نے بھی روس میں اپنی سروس معطل کر دی۔