ایک نیوز:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کےمطابق اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی ۔ پی ٹی آئی وکیل عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے ۔ شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے کوئی بھی عدالت پیش نہ ہوا۔
عدالت نے شکایت کنندہ کے وکیل کے آنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا
وقفے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بھی عدت میں نکاح کیس کی اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواست دائر کر دی گئی ،عدالت نے درخواست کے ساتھ بیان حلفی لگانے کی ہدایت جاری کردی۔
وکیل نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ عدالت اپنی پاورز کا استعمال کرتے ہوئے خود بھی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی دونوں کی درخواستوں کو ایک ساتھ مقرر کرسکتی ہے ، اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دے رہے ہیں ۔
جج نےکہا کہ ایک ملزم کی جانب سے جلد سماعت کی درخواست آئی ،عدالت نے چیزوں کو بیلنس کرنا ہوتا ہے،سادہ کاغذ پر درخواست دی گئی بیان حلفی درخواست کے ساتھ لگائیں ، درخواست میں کسی کو پارٹی نہیں بنایا گیا ۔
وکیل نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ پہلی عدالت میں کیس فیصلہ کیلئے محفوظ تھا تاہم دوسری عدالت کو کیس ٹرانسفر کر دیا گیا ۔
بعد ازاں عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کی اپیلوں پر سماعت جلد مقرر کرنے اور سزا معطلی کی اپیلوں پر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی ۔