ایک نیوز:بانی پی ٹی آئی کے خلاف190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کردی گئی۔
اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی ورائچ نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کی جانب سے ظہیر عباس چودھری، سلمان صفدر اور انتظار پنجوتھ پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء صفائی کی جانب سے احتساب عدالت کے جج محمد علی ورائچ کی تعیناتی پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔
وکلا صفائی کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن مکمل نہیں ہے ، احتساب عدالت کے جج کی تعیناتی ہائی کورٹ کے جسٹس کا اختیار ہے، احتساب عدالت نمبر دو کا جج عدالت نمبر ایک کے کیسسز نہیں سن سکتا۔
نیب ٹیم کی جانب سے چار گواہان کو بیانات قلمبند کروانے کے لیے پیش کیا گیا تھا جج کی تعیناتی پر اعتراض عائد ہونے کے باعث سماعت کے دوران کارروائی مکمل نہ ہو سکی، احتساب عدالت کے جج نے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جج کے اعتراض پر فیصلہ 11 جون کو سنایا جائے گا۔