نئی سیاسی پارٹی کا اعلان،مرادراس،متعدد سیاسی رہنما جہانگیرترین کے قافلےمیں شامل

نئی سیاسی پارٹی کا اعلان،مرادراس،متعدد سیاسی رہنما جہانگیرترین کے قافلےمیں شامل

ایک نیوز: جہانگیر ترین کی نئی سیاسی  پارٹی کی تشکیل کی مشاورت مکمل ہوگئی،سابق وزیر مراد راس سمیت متعدد سیاسی شخصیات نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور ڈیموکریٹس گروپ کے رہنما مراد راس نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔مراد راس نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا ،ملاقات جہانگیر ترین کی لاہور رہائش گاہ پر ہوئی ،اس موقع پر عبدالعلیم خان اور عون چوہدری  بھی موجود تھے۔

دریں اثناءبہاولپور سے مختلف اہم شخصیات نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد نئی سیاسی جماعت میں  شمولیت کا اعلان کردیا۔ سجاد بخاری، تحسین گردیزی اور جہانزیب وارنے تحریک انصاف چھوڑ کر جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا،جہانگیر ترین نے ترین گروپ جوائن کرنے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا ،اس موقع پر سابق ایم این اے مبین عالم انور بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کل اپنے گروپ کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں اہم پریس کانفرنس کریں گے،پریس میں کانفرنس میں پارٹی کا نام اور منشور کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی آج  عبد العلیم خان سے دوبارہ ملاقات شیڈول  ہے۔

نئی سیاسی جماعت کے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ۔ جہانگیر ترین اور اہم سینئر قیادت لاہور پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے ساتھ نئی پارٹی میں شمولیت کے لئے معاملات طے کریں گے انہیں نئی پارٹی میں اہم عہدے ، وزارتوں اور سینٹر شپ کی پیشکش کی گئی ہے.

دوسری جانب جہانگیر ترین سے اوچ شریف کے سابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کی ملاقات ہوئی،ملاقات میں مختلف سیاسی امور و مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ،مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرادی،سید افتخار حسن گیلانی مسلسل 5 مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ  جہانگیرترین گروپ نےتحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک سمیت دیگرسے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔سیاسی رہنماؤں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جس میں عون چوہدری، سردار تنویرالیاس اوراسحاق خاکوانی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سیاسی رہنماؤں کوترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دے گی۔

 ذرائع ترین گروپ نے بتایا کہ فواد چودھری اورفردوس عاشق پہلے سےترین گروپ سے رابطے میں ہیں جبکہ سابق سینئر وزیرعبدالعلیم خان گروپ سمیت جہانگیر ترین سے ملاقات کر چکے ہیں۔

جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گرا دیں ۔متعدد سابق ارکان اسمبلی و اہم سیاسی شخصیات کا ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان  کردیا۔

 سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اوقاف و مذہبی امور سید  رفاقت علی گیلانی،چشتیاں سے سابق ایم پی اے ممتاز مہروی،ساہیوال سے سابق ایم پی اے مہر ارشاد کاٹھیا،ننکانہ صاحب سے میاں عثمان اشرف،میانوالی سے میجر ریٹائرڈ خرم روکھڑی بھی ترین گروپ میں شامل ہو گئے 

جہانگیر ترین سے پاکپتن سے سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی نے  بھی ملاقات  کی۔

ترین گروپ میں شامل ہونے والے  رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی، عون چوہدری، ملک نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان، اجمل چیمہ ، امیر حیدر سنگا اور شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔