ایشیا کپ کی میزبانی، پاکستان اصولوں کی لڑائی ہارنے لگا

Jun 07, 2023 | 12:42 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پی سی بی ایشیا کپ میزبانی پر اپنی اصولی لڑائی ہار رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا  ہےجس کی وجہ سے پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے لیکن پی سی بی اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردیا گیا ہے،  بھارت کے مؤقف پر بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان نے اس تجویز کو نظر انداز کرکے ٹورنامنٹ سری لنکا میں کروانے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی بورڈز کی حمایت نہ حاصل ہونے کی وجہ سے پاکستان ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔  ایشیا کپ کے وینیو اور شیڈول کا حتمی اعلان اے سی سی اجلاس میں ہوگا۔اے سی سی اجلاس رواں مہینے  دبئی میں ہونے کا امکان ہے، اجلاس میں صرف رسمی کارروائی اور اعلان ہونا باقی ہے ، پی سی بی سمجھتا ہے کہ کوئی بھی بورڈ ان کی حمایت نہیں کرے گا۔

نجم سیٹھی پہلے ہی ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اب پاکستان کے پاس 2 آپشن ہیں  یا تو نیوٹرل وینیو پر کھیلیں یا پھر بائیکاٹ کردے۔  پاکستان کی دستبرداری پر براڈ کاسٹرز سے معاہدے پر نظرثانی ہوگی اور  امکان ہے کہ اس سال ایشیاکپ کو ملتوی کردیا جائےگا۔

پاکستان کے بائیکاٹ پر براڈ کاسٹرز وہ معاہدہ آفر نہیں کریں گے جو پہلے کیا تھا کیونکہ پاک بھارت میچز کے باعث خطیر رقم ملنا تھی۔ ایشیاکپ نہ ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی بھارت میں 4 یا 5 ملکی ٹورنامنٹ کروانے کا پلان کررہا ہے۔

پاکستان بھی پلان بی کے تحت3  ملکی ٹورنامنٹ کھیل سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل فائنل کے بعد ملاقات میں ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو نہ ماننے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ اگلے اجلاس میں رسمی گفتگو میں ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی سے متعلق بتائیں گے۔

مزیدخبریں