ایک نیوز :سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا سے پتا چل رہا ہے میرے خلاف ایک نئی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے، کہا جارہا ہے کہ میں نے سوا 5 کروڑ کی منی لانڈرنگ کی ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پہلے نیب نے میرے اثاثوں کی چھان بین کی اور عدالت میں کہا سارے اثاثے جائز ہیں، پھر انہی اثاثوں پر ایف آئی اے نے پرچہ کیا جو ہائی کورٹ سے خارج ہوگیا۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ میرے سارے اثاثے ڈکلیئرڈ اور ٹیکس شدہ ہیں، اثاثوں کی تفصیل ہر سال ایف بی آر اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جاتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سوا 5 کروڑ کا جو الزام لگایا جارہا ہے اس کی وضاحت میں نے کچھ دن پہلے بھی دی تھی، یہ رقم ڈکلیئرڈ ہے، میرے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوئی اور میری ملکیت ہے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ اس رقم کا پورا منی ٹریل میری ٹیکس ریٹرن میں موجود ہے۔