خوفناک حادثہ صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے قریب پیش آیا ہے۔ ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جارہی تھی۔ حادثے کے بعد ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کی انجن سمیت 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ کچھ بوگیاں کھائی میں جاگریں۔ ٹرینیں ٹکرانے سے کم از کم 30 مسافر جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں ۔ شدید زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک بوگی میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار، ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔کراچی جانے والی گرین لائن صادق آباد اسٹیشن پر روک لی گئی جبکہ رحمان بابا ایکسپریس رحیم یارخان ،شاہ حسین خان پور اسٹیشن پر موجودہے ۔لاہور جانے والی سر سیدایکسپریس روہڑی پر روکی گئی ہے جبکہ ملتان جانے والی زکریا ایکسپریس گھوٹکی اسٹیشن پرموجودہے ۔
گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر عثمان عبد اللہ نے بتایا ہے کہ واقعے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 50 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکام کو شہریوں کو بچانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ بوگیاں الٹ گئیں ،ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ایک بوگی میں 30 سے 35 مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عثمان عبداللہ نے بتایا کہ معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے انفارمیشن ڈیسک قائم کردی گئی ہے جبکہ ریلیف کیمپ لگادیا گیا ہے۔ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طبی عملے بشمول تمام ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ہے۔ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے، 5بوگیاں ڈی ریل جبکہ 3 بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 ریلوے پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
وزارت ریلوے نے کراچی، سکھر، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ سنٹر قائم کردیے، شہری حادثے کی معلومات کے لیے 041.9200488 اور 03334805996 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شہری راولپنڈی ہیلپ سنٹر سے رابطے کیلئے 051.9270834 پر کال کر سکتے ہیں، کراچی ہیلپ سنٹر سے رابطے کیلئے 03312706334 اور 03003754200 پر رابطہ کریں ، سکھر سنٹر سے رابطے کیلئے 0719310087 سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔