ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 9 ماہ مکمل ہوگئے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے 38 ہزار 153 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کا غزہ کی پٹی پر وحشیانہ حملوں کا آج 275 واں روز ہے، غزہ کی پٹی کے مغربی علاقوں پر اسرائیلی بمباری سے کم ازکم 20 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، الزوایدہ میں واقع ایک مکان پر اسرائیلی بمباری سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقوں میں بھی شیلنگ کی ہے، شجاعیہ کے علاقے میں بھی شدید لڑائی جاری ہے، اسرائیلی حملوں کے باعث کئی خاندان محصور ہوکر رہ گئے ہیں ، اسرائیلی حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 55 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے 38 ہزار 153 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 87 ہزار 828 فلسطینی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیل میں سرگرم کارکنوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے 9 ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں مظاہروں کا آغاز کر دیا، اسرائیلی سرگرم کارکنوں کی جانب سے ڈے آف ڈسرپٹشن کے نام سے یہ مظاہرے شروع کیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ان مظاہروں کے ذریعے اسرائیلی حکومت پر نئے انتخابات اور غزہ میں قیدیوں کی رہائی کیلئے جنگ بندی کے معاہدے کیلئے دباؤ بڑھایا جائے گا دوسری جانب امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے جاری ہیں۔