صدر مملکت کی نئے اسلامی سال کے  آغاز پر پاکستانی قوم کو مبارکباد  

Jul 07, 2024 | 20:45 PM

ایک نیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے اسلامی سال1446ھ کے آغاز پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری  نے  نئے اسلامی سال 1446 ھ کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو  مبارکباد  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ ہجری سال ہمارے ملک کیلئے امن ، خوشحالی اور استحکام کا باعث بنے ، محرم الحرام اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت اور فضیلت کا حامل ہے ، رمضان المبارک کے مہینے کے بعد محرم الحرام میں عبادات کو خصوصی فضیلت حاصل ہے،اس مہینے میں اللہ تعالی نے ہر قسم کے قتال سے منع فرما کر بندگی کے کاموں میں مشغول ہونے کی تلقین فرمائی ہے۔

  صدر مملکت نے کہا کہ نئے اسلامی سال کا آغاز ہمیں گناہوں سے بچنے ، اتباعِ الہی کرنے  اور دینِ اسلام کی تعلیمات پر غور کرنے کی یاددہانی کراتا ہے، یہ مہینہ دین کی سرفرازی کی خاطر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے وفا شعار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی بھی یاد تازہ کرتا ہے اور ہمیں اس بات کا سبق دیتا ہے کہ دین کی سربلندی کی خاطر جدوجہد ہی اصل مقصدِ حیات ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں نے  بے سروسامانی کے عالم میں ظلم اور طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،آپ اور آپکے ساتھی ظلم و استبداد کے خلاف جدوجہد میں قربانی اور استقامت کے استعارے کے طور پر امر ہوگئے،یہ ماہِ مکرم ہمیں اطاعتِ الہی ، ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کی فتح کی خاطر بڑی سے بڑی مصیبت کے باوجود ثابتِ قدم رہنے کا بھی درس دیتا ہے ۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ  نیا اسلامی سال ہمیں اپنی زندگیوں  اور طرزِ عمل پر غور کرنے اور انہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے ، ہمیں اپنے اندر حق و باطل میں تفریق اور دین کی صحیح تعلیمات  کے متعلق فہم اور شعور پیدا کرنا ہوگا، ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے اندر اخوت، صبر اور برداشت  کی خصوصیات پیدا کریں اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں، میں اللہ تعالی کے حضور دعا گوہوں کہ وہ ملکِ پاکستان کو ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ اور مامون فرمائے اور ہم سب کو اپنی زندگیاں اسلامی اصولوں کے مطابق بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو۔  

مزیدخبریں