پنجاب حکومت اور تعلیمی اصلاحات کے ماہر سرمائیکل باربر مل کر کام کرنے پر متفق

Jul 07, 2024 | 19:05 PM

ایک نیوز:حکومت پنجاب اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے سر مائیکل باربر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سر مائیکل باربر کے ماضی کے تعاون اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیم، نوجوانوں کی ہنرمندی، ماحولیات سمیت گورننس کے نظام میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے بارے بریفنگ دی ۔

مریم اورنگزیب نے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں ہر بچے اور بچی کی تعلیم یقینی بنانے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، سکولوں میں تمام سہولیات اور استاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تعلیمی نظام میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 10 جامعات کے طلباء وطالبات کو انٹرنیشنل سکالرشپ پر پڑھائیں گے، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کا آغاز کر دیا ہے، کسانوں کو  کارڈ سے معیاری بیج، کھاد اور ٹریکٹر سمیت مشینری دے رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے وفد کو بتایا کہ ہمت کارڈ پروگرام کیش اور سکلز ڈویلپمنٹ کی صورت میں شروع کررہے ہیں جبکہ آئی ٹی سٹی لاہور سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے وسیع پروگرام پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، ڈیجیٹل پنجاب کے ذریعے سرکاری خدمات بھی گھروں تک پہنچانا شروع کردی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز صحت کے پورے نظام کی اوور ہالنگ کر رہی ہیں، کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال سے لاکھوں مریض علاج معالجہ کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، شہروں کے ساتھ دیہات میں ماں اور بچے کے علاج کی جدید سہولیات، مفت ادویات اور تشخیص و علاج کی جدید مشینری بھی فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خسرہ،پولیو اور دیگر وبائی امراض کی ویکسی نیشن اور علاج کے حوالے سے گراس روٹ لیول پر کام جاری ہے جبکہ فضائی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے ملٹی سیکٹورل سموگ ایکشن پلان پر حکومت اور نجی شعبہ جنگی بنیادوں پرکام کررہا ہے۔

وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات، نظام میں بنیادی تبدیلی کے ویژن اور آئی ٹی کے استعمال کے منصوبوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ سر مائیکل باربر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ڈلیوری یونٹ کے علاوہ دنیا کے پچاس سے زائد ممالک میں حکومتی شعبوں میں اصلاحات کیلئےکام کر چکے ہیں۔ 

مزیدخبریں