روسی فوج کو بارودی مواد فراہم کرنیوالی فیکٹری میں دھماکہ،6افراد ہلاک

Jul 07, 2023 | 20:38 PM

ایک نیوز: روس میں بارودی مواد بنانے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

بارودی مواد کی یہ فیکٹری وسطی روس کے علاقے سمارا میں واقع تھی۔ دھماکے میں 8 افراد شدید زخمی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 6 افراد نے دوران علاج دم توڑ دیا۔

دھماکے کے 2 زخمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ دھماکے کے وقت فیکٹری میں 1300 سے زائد ملازمین موجود تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں دھماکا مرمت کے دوران سامان کے ٹوٹنے کی وجہ سے ہوا۔ غفلت اور لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یوکرین جنگ کے بعد سے بارودی مواد بنانے والی فیکٹریوں میں ضرورت سے زیادہ کام ہو رہا ہے۔ اس فیکٹری میں بھی بارودی مواد کی تیاری اپنے عروج پر تھی۔

 

مزیدخبریں