وزیراعظم سے ملاقات کے بعد تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

Jul 07, 2023 | 20:25 PM

ایک نیوز :بنگلادیشی کرکٹر تمیم اقبال نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔

تفصیلات کےمطابق تمیم اقبال نے جمعرات کو ایک جذباتی پریس کانفرنس میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا  جس کے بعد بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے معاملے میں مداخلت کی اور کرکٹر سے ملاقات کی خواہش کا اظہارکیا۔
تمیم اقبال اپنی اہلیہ، سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم سے ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے تمیم اقبال نے لکھا ’وزیراعظم کو نا نہیں کہہ سکتا۔‘ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جلال یونس کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال چھ ہفتے آرام اور اپنی فٹنس پر کام کریں گے۔

تمیم اقبال کی اچانک ریٹائرمنٹ پر بنگلادیشی شائقین نے افسردگی کا اظہار کیا تھا کیوں کہ ورلڈکپ 2023 میں تین ماہ رہ گئے ہیں اور ان کی امیدیں تمیم اقبال پر ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ تمیم اقبال ورلڈکپ میں بھی بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بنگلادیش کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے افغانستان سے شکست کے ایک روز بعد آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ ایک جذباتی پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

چٹاگانگ میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مداحوں اور وہاں موجود صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ یہاں میرے سفر کا اختتام ہوتا ہے، میں نے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور اپنا بہترین کرتا رہا۔

مزیدخبریں